پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اور علاقائی سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے،رانا ثنا اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز) سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد کی وزیر داخلہ راناثنااللہ خان سے ملاقات، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر  نواف بن سعید المالکی بھی ملاقات میں شریک ہوئے، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھراور وزارت داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی۔

سعودی سفارتکارحسن القحطامی کے قتل کی تحقیقات اور مجرمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ پاک سعودی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر جلد دستخط کرنے پراتفاق  کیا گیا۔ ملاقات میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق بھی ہوا، سعودی حکام نے پاکستان سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی کیلئے ہمہ جہت کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔  پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔

سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مجرمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔  پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔  پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔  سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے۔ سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی۔ شکرگزار ہیں۔ سعودی حکام نے سفارتکار حسن القحطانی کے قتل کی تحقیقات پر اطمینان کااظہار کیا۔ سعودی حکام نے مجرمان کی جلد گرفتاری  کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا شکریہ ادا کیا۔