فارن ایکسچینج ایکٹ مقدمہ، ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت غیرموثر ہونے پرنمٹا دی


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن ایکسچینج ایکٹ مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست غیرموثر ہونے پرنمٹا دی  جبکہ عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے گزشتہ روز ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کردیا ہے۔ اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ پھر توکیس غیر مئوثر ہو گیا۔

اس پرعمران خان کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ دو نکات عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، پھر عدالت فیصلہ کردے، جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت میں یہ معاملہ زیر التواء ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ٹرائل کورٹ سے رپورٹ مانگی ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایسے کیس میں شریک ملزم کا کیس زیرِ التوا ہے تو وہ معاملہ تو حل ہو جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشل اٹارنی جنرل نے عدالت سے آرڈر کی درستگی کی استدعا کر دی اور کہا کہ معاملہ سپیشل جج سینٹرل نہیں بلکہ سپیشل جج بینکنگ کا تھا۔

عدالت نے ایک اور عدالت کے پاس معاملہ زیرِ التوا ہونے کی وجہ سے درخواست نمٹا دی۔جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت ایف آئی اے کیس میں ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار کے حوالہ سے فیصلہ کر ے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایف آئی اے کی جانب سے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں درج مقدمہ میں عمران خان کی منگل کے روز تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔