وزیر اعظم نے چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کو وفاقی وزیر کا درجہ دیدیا،نوٹیفیکشن جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی(پی اے سی) نور عالم خان کو وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا۔ نور عالم خان کو 14اکتوبر سے وفاقی وزیر کا عہدہ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نورعالم خان کو وفاقی وزیر کا درجہ دینے کے حوالہ سے باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن سینئر جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن تیمور تجمل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کو بھجوادی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا تنویر حسین کے رواں برس مئی میں بطور پی اے سی چیئرمین عہدے سے مستعفیٰ ہونے کے بعدنورعالم خان کو چیئرمین پی اے سی کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ نور عالم خان، پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی ہیں۔