عمران خان پارلیمان کو اقتدار کی سیڑھی سمجھتے ہیں، عوامی طاقت کا محور نہیں،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جس قومی اسمبلی سے عمران خان استعفیٰ دے کر گئے ہیںاس کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات لڑنے جا رہے ہیں۔ 7 نشستوں پر خود انتخابات لڑ کے یہ اپنے پارٹی رہنمائوں اور ووٹرز کی تذلیل کر رہے ہیں جس عوامی مینڈیٹ کا یہ دعوی ٰ کرتے ہیں سات نشستوں پر الیکشن لڑ کر یہ اسی مینڈیٹ کی توہین کر رہے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ لوگوں کو ووٹ صرف اسی امیدوار کو دینا چاہئے جو ان کی پارلیمان میں نمائندگی کر سکے اور ان کی آواز بن سکے۔ عمران خان پہلے ہی اپنے حلقے کی نمائندگی سے بھاگ گئے ہیں، یہ پارلیمان کو صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھتے ہیں، عوامی طاقت اور نمائندگی کا محور نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمنٹ صرف اسی صورت میں آنا چاہتے ہیں جب ان کو کرسی کی امید دلائی جائے۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ عمران خان کو ووٹ دے کر ووٹ ضائع نہ کریں۔ ووٹ ایک آئینی حق اور ذمہ داری ہے، اس کو سوچ سمجھ کے اپنے اور اپنے حلقے کی بھلائی کیلئے استعمال کریں۔