جوہری پروگرام پر بائیڈن کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، سعدرفیق


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر ریلوے وہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری پروگرام پر بائیڈن کا بیان غلط، غیر منطقی اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانی قوم صدر جوبائیڈن سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار جوہری طاقت کی طرح رویہ رکھا، ہمارے پاس محفوظ ترین ایٹمی کمانڈ و کنٹرول سسٹم ہے،

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا، دوطرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ جنگجو ریاستیں امن و استحکام کے لیے اصل خطرہ ہیں۔