پاکستان کا ایٹمی پروگرام وقارکی علامت اور خطے میں امن کی ضمانت ہے،سراج الحق


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام تحفظ اور وقارکی علامت اور خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ بھارت جیسا ازلی دشمن،جس نے آج تک پاکستان کا وجود تسلیم نہیں کیا،اور جہاں اب مسلم دشمن فاشست ہندوتوا نظریے کی حکمرانی ہے، اس کے بعد ایٹم بم اور بھی ضروری ہے۔ ہر میلی آنکھ کا پاکستانی قوم متحد ہوکر مقابلہ کریگی۔

ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالہ سے بیان پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار کو استعمال کرنے والے واحد ملک اور دنیا بھر میں جنگیں چھیڑ کر اور فسادات برپا کرکے لاکھوں انسانوں کے قتل کا باعث بننے والی ریاست کے صدر کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرنا اپنے آپ میں عجوبہ ہے۔ امریکہ پہلے اپنی بے لگام جنگی نفسیات پر قابو پائے۔