خورشید شاہ نے پاکستانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے امریکی صدر کا بیان مستردکردیا


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرآبی وسائل سید خورشید شاہ نے امریکی صدر جوبائیڈن  کے پاکستان کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دینے کا بیان مستردکرتے ہوئے  ایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی صدر کے خدشات بے بنیاد قراردے دیئے۔

 وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دو ارب مسلمانوں کی دنیا میں پاکستان واحد اسلامی ایٹمی ریاست ہے۔امریکی صدر کا پاکستان کے خلاف ایسی بات کرنا دراصل مسلمانوں پر عدم اعتماد ہے۔ پاکستان ذمہ دار ترین ایٹمی طاقت، کبھی اپنے اثاثوں کا غلط استعمال نہیں کیاایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی صدر کے خدشات  کو مستردکرتا ہوں ۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ اتنی بڑی جوہری طاقت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ صبر و تحمل سے گزارہ کیا ۔پاکستان کے اندر عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے۔ عمران خان کا اصل ایجنڈا بھی ایٹمی طاقت کو ختم کرنا ہے۔یہ یہودی ایجنڈا ہے، قوم کو اس کا احساس ہونا چاہیے۔اسی ایجنڈے کے تحت عمران خان پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں مصروف ہے۔

خورشید شاہ نے سولہ اکتوبر کے ضمنی الیکشن کو ریفرنڈم قرار دے دیا اور کہا  ہے کہ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ پاکستان کی معیشت، سالمیت کی جنگ لڑنی یا گالم گلوچ،جھوٹ کی سیاست کا حصہ بننا۔الیکشن صاف شفاف ہوں گے، جو نتیجہ آئے سب تسلیم کریں۔یہ عمران خان کی نشستیں تھیں، اگر وہ تین چار بھی ہار جاتا تو اس کی شکست ہو گی۔عمران خان اپنا جرم تسلیم کر چکا کہ وہ کٹھ پتلی تھا۔قوم اس کٹھ پتلی کو مسترد کر دے۔وفاقی وزیرخورشید شاہ کی اعتزاز احسن کے بیان پر بھی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ بے شک اعتزاز کی ذاتی رائے مگر سینیئر رہنما کو غلط بات کا احساس کرنا چاہیے۔پارٹی نے بھی اعتزاز احسن کے بیان کا نوٹس لیا۔اعتزاز احسن جانتا ہے، کیسز جھوٹے تھے، وہ میرے خلاف بنائے کیسز کی حقیقت بھی جانتا ہے۔ایسی بات نہیں کہنی چاہیے جس میں کوئی حقیقت نہ ہو۔