سینیٹ میں پی ٹی آئی کا گرفتارسینیٹرز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے کیخلاف شدید احتجاج


اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ میں حکومت کی طرف سے کورم کی نشاندہی کردی گئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے گرفتار ارکان سینیٹ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے کے خلاف شدید احتجاج کیا، پارلیمینٹ کی راہداریوں میں بھی احتجاجی مارچ کیا گیا اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ مرزا آفریدی کے چیمبر میں جاکر احتجاج ریکارڈ کروایا ۔

سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی صدارت میں ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف بطور احتجاج بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔

ارکان نے گرفتارسینیٹرز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے کے خلاف احتجا ج شروع کیا تو مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کردی ایوان میں کورم نہیں تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں۔

پاکستان تحریک انصاف  کی طرف سے سینیٹر اعظم سواتی کی رہائی کے لئے  نعرے لگائے گئے کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی چیرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے پیر تک اجلاس ملتوی کردیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف پہلی بار پارلیمینٹ کی راہداریوں میں احتجاجی مارچ کیا گیا۔

ڈپٹی چیرمین سینیٹ مرزا آفریدی کے چمیبر تک گئے ۔احتجاج ریکارڈکرواتے ہوئے سینیٹر اعظم سواتی  کے پروڈکشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا  بعدازاں شاہراہ دستور تک مارچ کیا گیا ۔