چین نے ہر اندرونی وبیرونی محاذپر پاکستان کا ساتھ دیا ،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی،وفد کی قیادت چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے صدر زانگ گولیانگ( Zhang Guoliang )نے ملاقات کی ،

ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے،چین نے ہر اندرونی اور بیرونی محاذپر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لئے موجود رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مقابلہ کرنے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے جاری کاموں میں چین نے پاکستان کی بہت مدد کی۔چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک خطیر رقم کا چیک بھی وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی ،ظفر الدین محمود اور پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ بھی شریک ہوئے۔