مولانا عبدالاکبر چترالی کاوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پر سیلاب متاثرین کی امدادی رقوم پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تقسیم کرنے کا الزام عائد


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالاکبر چترالی نے قومی اسمبلی میں سیلاب کی صورتحال پر بحث کے دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پر سیلاب متاثرین کی امدادی رقوم پی ٹی آئی  کے کارکنوں میں تقسیم کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہ پیسہ محمود خان کے باپ دادا کا نہیں حقدار کو نہ ملا تو جماعت اسلامی کی طرف سے صوبہ بھر میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ڈپٹی سپیکر  زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ہوا۔مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے مرکزی اور صوبائی فنڈز کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے مگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امداد کو سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں محمود خان یہ پیسے اپنے گھر سے نہیں لائے کہ یوتھیوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔

منتخب نمائندوں اور عمائدین کی کمیٹیاں بنائی جائیں۔چترال میں بھی اصل سیلاب متاثرین امداد سے محروم ہیں خبردار کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ محمود خان سوات سے اپنے باپ دادا کا  پیسہ نہیں لائے مستحق افراد کو امداد نہ ملی تو جماعت اسلامی کی طرف سے شدید احتجاج کیا جائے گا ایسا احتجاج ہوگا کہ وزیراعلیٰ محمود خان اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔