نوٹس کی عدم تعمیل ،سپریم کورٹ کا حمزہ شہباز کی طلبی کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم


اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف کی طلبی کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے طلبی کے نوٹس کی عدم تعمیل پر اخبار میں اشتہار دینے کا حکم دیا۔ عدالت نے نیب کی حمزہ شہباز کیخلاف اپیل پر حکم دیا۔ نیب نے لاہور ہائی کورٹ کی اس آبزرویشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نیب گرفتاری سے 10روز قبل حمزہ شہباز کو آگاہ کرے گا۔

دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ فریقین کو نوٹسز کی تعمیل نہیں ہو سکی۔ عدالت نے عدالتی نوٹس کی عدم تعمیل پر حمزہ شہباز کی طلبی کا اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لئے رجسٹرارلاہور ہائی کورٹ کو بھی کہا گیا تھا۔