اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف مستعفی


اسلام آباد(صباح نیوز)اشتر اوصاف نے اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع نے اشتر اوصاف کے اٹارنی جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اشتر اوصاف نے صحت کی خرابی کے باعث کام جاری رکھنے سے معذرت کی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اشتر اوصاف کو نئی تعیناتی تک بطور اٹارنی جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں وفاقی حکومت کی جانب سے اشتر اوصاف علی کو اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا۔وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اشتر اوصاف علی کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔اشتر اوصاف 16-2015 میں وزیرِ اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ قانون و انصاف بھی رہ چکے ہیں، انہیں اس سے قبل سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے 2016 میں اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا۔

اشتر اوصاف نے 2018 تک بطور اٹارنی جنرل خدمات انجام دی تھیں، وہ 12-2011 میں صوبے کے پراسیکیوٹر جنرل بھی رہے ہیں۔