پاکستان کیلئے عالمی اعزاز،اقوام متحدہ کی تنظیم سی اوپی27 کا شہباز شریف کونائب صدارت دینے کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں اورمسائل کے حل کے حوالے سے متعلق تنظیم کانفرنس آف پارٹنرشپ(سی او پی27) نے وزیراعظم شہباز شریف کونائب صدارت دینے کا اعلان کردیاجو پاکستان کے لئے بڑا عالمی اعزاز ہے۔ اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے۔

تنظیم کی صدارت مصر کے پاس ہے۔مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو( سی او پی27-)اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔ شہباز شریف،ناروے کے وزیراعظم،مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوںکے مسائل اوران کے حل کے حوالے سے یہ27واں اجلاس ہو گا۔

اجلاس مصر کے شہر شرم الشیخ میں 6سے 18نومبر تک ہو گا۔اجلاس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ ، عالمی مالیاتی اداروں اورتھنک ٹینکس کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے پُراثر آواز پر انہیں یہ منصب دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر مئوثرآواز اٹھائی تھی۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل کو ایس سی او تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیر اعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے بھی تائید کی تھی۔ شنگھائی تعاون تنظیم اور حکومتی کونسل کا اجلاس 15سے16ستمبر تک سمرقند میں منعقد ہوا تھا۔