اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے نجی شاپنگ مال سینٹورس میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا،تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق کہ مال میں لگی آگ کو 2 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد کنٹرول کیا گیا، آگ پر قابو پانے میں فائر بریگیڈ، نیوی، ایئرفورس، ریسکیو 1122 نے حصہ لیا ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کیپٹن (ر)محمد عثمان یونس نے کہا کہ نجی شاپنگ مال سینٹورس میں آگ پر قابو پا لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق آگ کے شعلوں نے شاپنگ مال کے 8 فلورز کو اپنی لپیٹ میں لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 8 جبکہ میٹروپولیٹن کی تمام 12 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق آگ بجھانے کے لئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ لوگوں کو مال سے نکالنے کے لئے عقبی دروازے کا استعمال کیا گیا، واٹر سپلائی کے ٹینکر بھی متاثرہ جگہ پہنچائے گئے۔ ریسکیو کی مدد سے شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا گیا، آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی، کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔مال انتظامیہ کے مطابق نجی مال میں آتشزدگی شاپنگ مال کے اندر فائر فائٹنگ سسٹم مکمل آپریشنل ہونے کے باعث آگ پر جلد قابو پانے میں مدد ملی، آگ بھڑکنے کے فوری بعد ہی 20 افراد پر مشتمل فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، مال کے بیرونی حصے میں آگ پھیلنے پر فوری فائر بریگیڈ کو بھی بلا لیا گیا، مال کے اوپر والے فلورز پر آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ سے مدد طلب کی گئی۔ اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ ہوا ہے، دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو، متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد کے نجی مال سینٹورس میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور فائربریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کیلئے متعلقہ محکموں سے ہیلی کاپٹر کی سہولت سے بھی استفادہ کی جائے، مال میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکالا جائے، مال میں آگ لگنے کو وجوہات کا جائزہ لیکر ذمہ داران کا تعین کیا جائے، آگ لگنے کی مفصل رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائی جائے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کی، پاک بحریہ کی ٹیم اور 3 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف رہے۔
وفاقی دارالحکومت کے نجی مال سینٹورس میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، نجی مال کو سیل کر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی آگ لگنے اور مال میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے تحقیقات کرے گی۔اسلام آباد میں نجی مال میں لگنے والی آگ کی وجوہات جاننے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی، سات رکنی کمیٹی میں اے سی انڈسٹریل ایریا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی،سی ڈی اے کے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اور ڈایریکٹر انجینئرنگ شامل ہوں گے۔ کمیٹی آگ لگنے اور پھیلنے کی وجوہات کا تعین کرے گی، کمیٹی بلڈنگ کے اندر فائرسیفٹی سسٹم اور الارم بجنے کی فعالیت کا بھی جائزہ لے گی۔واضح رہے کہ شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کے معاملے پر مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کر لیا گیا، مقدم دفعہ 436 کے تحت ایس ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔