وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت گیس سپلائی و زراعت کے حوالے سے دو اہم اجلاس،


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو لاہور میں ملک میں گیس سپلائی اور زراعت کے حوالے سے دو اہم اجلاسوں کی صدارت کیبجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے اور گندم کی نئی امدادی قیمت اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث لانے کے فیصلے کئے گئے، خوردنی تیل کے بیج پر سبسڈی پیکج دینے کی ہدایت کردی گئی ۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم نے موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے گھریلو صارفین کو خصوصا ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی کی ہدایت کی۔

مزید براں وزیراعظم نے ٹیکسٹائل ملز کو گیس سپلائی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ٹیکسٹائل ملز کو بروقت گیس فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے ۔ کمیٹی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندگان شامل ہونگے۔اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے جنوری کے مہینے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کھاد کی مزید درامد کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران شریک ہوئے۔بعدازاں وزیر اعظم نے لاہور میں کسان پیکج کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت . وزیر اعظم نے کسان پیکج کے تحت کسانوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی امدادی قیمت ( wheat support price) کو اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔وزیر اعظم نے خوردنی تیل کے بیج کی اضافی پیداور کے لئے سبسڈی پیکج دینے کی ہدایت کی ۔

مزید براں اجلاس میں کسان پیکج کے حوالے سے ممکنہ فیصلوں کے لئے اعلی سطح پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کسانوں کو کھاد اور بجلی کی قیمتوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لئے صوبوں کے ساتھ مشاورت سے سبسڈی پیکج جلد از جلد تشکیل دینے کی ہدایت کی. اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی طارق بشیر چیمہ, مشیر وزیر اعظم احد چیمہ اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے.