مفتاح اسماعیل فارغ،اسحاق ڈار نئے چیئرمین ایکنک تعینات


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل کو چیئرمین ایکنک کے عہدے سے فارغ کر کے ان کی جگہ وزیر خزانہ وریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو نیا چیئرمین ایکنک تعینات کردیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی ۔

ایکنک کے ارکان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود، پنجاب سے وزیر خزانہ سردارمحمد محسن خان لغاری، سندھ سے سینیٹر نثار احمد کھوڑو، خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور بلوچستان سے سینئر ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نورمحمد دمڑ کو بطور رکن ایکنک شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالہ سے باقائدہ نوٹیفکیشن ڈپٹی سیکرٹری کابینہ کمیٹیز سید ایاز انور کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایکنک وفاق اور صوبوں کی سطح پر بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتی ہے۔