سکھر(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بار جھوٹے بیانیے بنا کر عوام کے شعور کو چیلنج کر رہے ہیں،عمران خان کے ہر اقدام کے پیچھے تباہی اور بربادی کا ایک ایجنڈا ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سچ کا سورج جلد یا بدیر طلوع ہو کر رہتا ہے، عوام سائفر کی سچائی دیکھ چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نہ صرف سیاست میں ذاتی مفاد کیلئے ریاست کو دائو پر لگایا بلکہ اپنے جھوٹ اور فریب سے ہماری سفارت کاری اور ساکھ کو بھی پامال کیا، عمران خان کے ہر اقدام کے پیچھے تباہی اور بربادی کا ایک ایجنڈا ہوتا ہے۔ اسی ایجنڈے کے تحت انہوں نے اسلام آباد میں دھرنے کے ذریعے چینی صدر کے اہم ترین دورہِ پاکستان کو سپوتاژ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے آزادی کا جھوٹا نعرہ لگایا، عمران نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے حاصل کئے اور پاکستان کو شدید مالی نقصان پہنچایا، سیاست ملکی مفاد کی قیمت پر سستی شہرت حاصل کرنے کا نام نہیں ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان بار بار جھوٹے بیانیے بنا کر عوام کے شعور کو چیلنج کرتے ہیں، عوام عمران خان سے انصاف، کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب مانگ رہے ہیں۔