سانگھڑ(صباح نیوز)وفاقی وزیرشازیہ مری نے اپنے آبائی حلقے سانگھڑ کا دورہ کیا،سیلاب متاثرین سے ملاقات اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے آبائی حلقے سانگھڑ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وفاقی وزیر نے سانگھڑ کے مختلف یونین کونسلوں میں سیلابی پانی اور ریلیف کاموں کا جائزہ لیا۔ شازیہ مری نے گاؤں امام بخش ٹالپور اور نواز ملوکانی کے مقام پرسیم نالوں کا معائنہ بھی کیا۔ افسران نے وفاقی وزیر شازیہ مری کوسانگھڑ میں سیلاب اور ریلیف کاموں پر بریفنگ دی۔
شازیہ مری نے سیلابی پانی کی تیزی سے نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ۔ شازیہ مری نے سیلاب متاثرین سے ملاقات ،امدادی سامان کے متعلق دریافت بھی کیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ضلع سانگھڑ شدید متاثر ہوا ہے، لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، ضلع سانگھڑ کے ہزاروں سیلاب متاثرین کو راشن، خیمے، ترپال اور مچھردانی فراہم کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔