چیئرمین سینیٹ کی ڈیرہ اسماعیل خان کے ہوائی اڈے کو فوری فعال کرنے کیلئے اقدامات کی رولنگ


اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ہوائی اڈے کو فوری طور پر فعال کرنے کے لئے اقدامات کی رولنگ جاری کر دی۔

وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے ایوان میں بالا میں یقین دہانی کرا دی ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور سکھر کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے فیزبیلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

آج ایوان بالا میں یہ معاملہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دوست محمد خان نے اٹھایا تھا۔ خواجہ سعد رفیق نے وقفہ سوالات میں بتایا کہ ملک میں بعض ہوائی اڈے سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے جب سیاسی مقاصد کے لئے ہوائی اڈے بنائے جاتے ہیں تو ان کا یہی حشر ہوتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے رولنگ جاری کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ہوائی اڈے کی بحالی کے لئے حکومت فوری اقدامات کرے یہ معاملہ بار بار ایوان میں اٹھتا ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے ملحقہ اضلاع سے بڑی تعداد میں مسافر اندرون و بیرون ملک سفر کرتے ہیں۔

وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان اور سکھر کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیزبیلٹی رپورٹ کے تحت ان ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کا ہوائی اڈہ بنایا جائے گا۔