کالعدم تنظیم کا احتجاج، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھاکہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے،اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان،ڈی جی آئی ایس آئی ،وفاقی وزراء شرکت کریں گے ،وفاقی وزراء داخلہ اور مذہبی امور بریفنگ دیں گے ۔

یاد رہے کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، ٹریفک کی روانی بھی متاثر، رینجر اور پولیس نے سکیورٹی سنبھال لی۔ کہ کالعدم ٹی ایل پی نے 12 ربیع الاول سے اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ ابتدائی طور پر تنظیم نے ملتان اور لاہور میں دھرنے دیے جس کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا گیا۔انتظامیہ نے مظاہرین کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کیلئے اہم سڑکیں بند کردیں ہیں جبکہ مظاہرین نے گزشتہ کئی روز سے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے۔کالعدم تنظیم کے مارچ کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورپنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی متاثر ہے۔

راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کردی گئی ہیں۔ صدر سے فیض آباد میٹرو سروس معطل ہے۔ متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، مریضوں کا اسپتال جانامشکل ہوگیا ہے،تحصیل کامونکی میں گزشتہ روز سے ہی موبائل سروس بند ہے۔ اندرون شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل جبکہ فون کال کی سہولت موجود ہے۔ رینجرز اور پولیس نے دریائے چناب اور وزیر آباد کے بارڈر پر سیکیورٹی سنھبال لی۔ پولیس نے مظاہرین کو اندرون شہر گوجرنوالہ کی بجائے وزیر آباد اور دریائے چناب کے قریب روکنے کا منصوبہ بنالیا۔ جی ٹی روڈ سے ملحقہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جبکہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی انتہائی کم ہے۔