اسلام آباد(صباح نیوز) پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرغیر قانونی مواد اوراداروں کے خلاف منفی مہم میں ملوث11لاکھ سے زائد آئی ڈیز بلاک کردیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے)نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی مواد اور اداروں کے خلاف منفی مہم میں ملوث 11لاکھ 35ہزارسے زائد آئی ڈیز بلاک کردی ہیں۔دستاویز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو 12لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں اور سب سے زیادہ 1لاکھ 34 ہزار شکایات فیس بک پوسٹ کیخلاف ملیں۔
دستاویز کے مطابق پی ٹی اے نے فیس بک پر1لاکھ 12 ہزار سے زائد جعلی آئی ڈیز کو بلاک کردیا۔پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی ویڈیوز کیخلاف 65ہزار 122شکایات ملیں، جن میں سے 63 ہزار غیر اخلاقی ویڈیوز بلاک کی گئیں۔پی ٹی اے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر پر بھی 63ہزار شکایات موصول ہوئیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے 50فیصد مواد ہٹایا گیااور 31ہزار 860آئی ڈیز بلاک کردی گئیں۔پی ٹی اے دستاویز کے مطابق یوٹیوب نے 36 ہزار ویڈیوز اور لائیکی نے بھی 900سے زائد آئی ڈیز کو بلاک کیا ہے۔