دبئی (صباح نیوز) ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کل (اتوار کو ) اہم میچ ہوگا،پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پاک بھارت ٹیمیں شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ممالک کے شائقین بھی دوبارہ پاک بھارت ٹاکرے کے لیے کافی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
قومی ٹیم روایتی حریف سے پہلی شکست کا بدلہ لینے کیلئے پرعزم ہے، تاہم شاہنواز دھانی انجری کے باعث یہ میچ نہیں کھیل سکیں گے، شاہنواز دھانی ہانگ کانگ کیخلاف میچ کے دوران سائیڈ سٹرین انجری کا شکار ہوئے تھے۔کھیلنے جانے والے اہم میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، آل راونڈر رویندرا جدیجا گھٹنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ اکشر پٹیل کو ابتدائی طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل میگا ایونٹ کے 28 اگست کو گروپ مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے مات دی تھی۔
سپر فور مرحلے سے دوبہترین ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے بعد، بہترین چار ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچ جاتی ہیں۔عام سیمی فائنل مرحلے کے بجائے، دونوں گروپوں سے ترقی کرنے والی ٹیمیں دوسرے رانڈ رابن مرحلے میں ایک دوسرے سے کھیلیں گی۔ وہاں سے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سرفہرست دو فریق آمنے سامنے ہوں گے۔ ابتدائی گروپ مرحلے کے پوائنٹس سپر فور مرحلے کے لیے نہیں ہوتے ۔