وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر سے رابطہ، کمیونسٹ پارٹی کے 100سال مکمل ہونے پر مبارکباد


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے100سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے منگل کے روز چینی صدر شی جن پنگ کوٹیلی فون کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے چین کو غربت سے نکالنے اور چار دہائیوں پر محیط اصلاحال کے کامیاب پروگرام کو سراہا۔دونوں رہنمائوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے70سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباددی۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ اسٹریٹیجک تعلقات کے تمام پہلوئوں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  وزیر اعظم عمران خان نے کوروناوباء کے خلاف چین کی حکمت عملی اور پاکستان سمیت ترقی پذیر ملکوں سے تعاون کو سراہا،دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چین پاکستان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے دوسرے مرحلہ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔

وزیر اعظم نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جوآزادانہ تجارت کا معاہدہ ہے اس سے ہم نے مکمل طور پر استفادہ کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو سراہا۔ جبکہ وزیر اعظم نے جاری سی پیک منصوبوں پر عملدآمد کے حوالہ سے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر بھی جلد کام کاآغاز ہونا چاہئے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنمائوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لئے افغان عوام کی معاشی امداد کو فوری طور پر جاری کرے تاکہ وہاں پر ناصرف عدم استحکام کو روکا جاسکے، غربت کاکاتمہ ہواور لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے چینی اقدام کو سراہا جب کہ دونوں رہنمائوں میں مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔