بارشوں نے بلوچستان کو تباہ کر دیا،حکومت اعلانات کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے، مولانا عبد الحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ بارشوں نے بلوچستان کو تباہ کر دیا، حکومت اعلانات وعدوں اور بیانا ت کے بجائے اخلاص ودیانت سے کام کریں، تباہی وبربادی نے ہر علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، ہر فرد ادارہ حکومت وفلاحی تنظیموں کو ملکر متاثرین کی دادرسی کرنی چاہیے، سب سے زیادہ ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے اور وسائل بھی حکومت کے پاس ہے ۔ روزاول سے اللہ کی رضاوخوشنودی اورپریشان حال عوام کی پریشانی ومشکلات میں کمی کیلئے الخدمت فاونڈیشن وجماعت اسلامی کا ہرفردہر علاقے کے ریلیف ورک میں مصروف ہے، بلوچستان کی تباہی وبربادی کے حوالے سے میڈیا وقومی جماعتوں کی غفلت وکوتاہی قابل مذمت ہے ۔ متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقلی و ریلیف ورک کیلئے ہیلی کاپٹر وچارٹرطیارے استعمال کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمدکرد ،نائب صدر اعجازمحبوب ،جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی ،جنرل سیکرٹری پروفیسر سلطان محمدکاکڑ، ڈاکٹرنعمت اللہ ،فنانس سیکرٹری سلطان محمد محنتی ودیگر شریک تھے ، ۔ اجلاس میں بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نقصانات ،الخدمت کی خدمت ،آئندہ لائحہ عمل کرنے کے کام کے حوالے سے مشاورت وفیصلے کیے گیے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی ،انجینئر جمیل احمدکرد نے مزید کہاکہ حالیہ بارشو ں سے بلوچستان میں سینکڑوں افراد ہلاک ہونے کیساتھ املاک ،کھڑی فصلوں ،مال مویشی ،زراعت ومعیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچاہے ،پریشان حال عوام کی دیانت داری سے خدمت کیساتھ اللہ سے رجوع طوبہ واستغفارکی ضرورت ہے ۔تمام متاثرہ علاقوں میں بلاتفریق اوردیانت داری سے ریلیف ورک وخدمت کیلئے حکومت و فلاحی ادارے عوام کی خدمت کیلئے آگے آئیں الخدمت کا پلیٹ فارم ہر وقت حاضر ہے ۔متاثرین کے ریلیف ورک میں بدعنوانی کرنے والے اپنی آخرت تباہ کر رہے ہیں۔ دیانت داری سے کام کرنے والوں کی مشکلات وپریشانی میں کمی اور مال وصلاحیتوں میں برکت ہوگی۔ الخدمت فاونڈیشن کا ریلیف ورک شفاف ودیانت دارانہ طریقے سے ہورہاہے، الحمداللہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہر ضلع میں ہمارانیٹ کام ریلیف ورک میں مصروف ہیں، میڈیا قومی جماعتوں نے بلوچستان کو بلیک آوٹ کیا ہے ۔ حالیہ بارشوں سے صوبے کے مختلف اضلاع میں بہت زیادہ نقصان ہوا حکومتی انتظامات ناقص ،دیانت داری واخلاص کی کمی اور سست رفتاری کا شکار ہے ۔ ناقص انتظامات کی وجہ سے بارش شروع ہوتے ہی بجلی غائب ،موبائل نیٹ ورک ،گیس غائب ہوجاتاہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوجاتی ہے ۔ بارشوں،بند،پل ٹوٹنے کی وجہ سے دوردرازاضلاع کاکوئٹہ سمیت وملک کے دیگر علاقوں سے رابطے کٹ گیے اور زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔ اکثرعلاقے پانی میں ڈوب گئے، رہائشی مکانات، سڑکیں بہہ گئی ہیں ۔ متاثرین کو فوری امداد ومحفوظ مقامات منتقلی کی ضرور ت ہے۔ جماعت اسلامی والخدمت فاونڈیشن کے کارکنان ورضاکار مصیبت کی اس گھڑی میں پریشان حال متاثرین کی بحالی،محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکرممکنہ مدد،ریلیف کاکام دل جمعی سے کررہے ہیں۔
#/S