راولپنڈی(صباح نیوز)پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کارروائی کے دوران 2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک افواج کے شعبہ ذرائع ابلاغ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے تھا۔ مارے جانے والوں میں جنگجو خبیب عرف بلال سمیت 2 دہشت گرد شامل ہیں۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد آئی ای ڈیز کی تیاری اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے، جبکہ ہلاک دہشت گرد خبیب میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں بھی ملوث تھا۔