ملکی ترقی کیلئے قوم کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہوگا، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صبا ح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد، ایمان اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ملکی ترقی کیلئے قوم کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہوگا، حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، عالمی سیاست میں اخلاقی اقدارکی کمی  ہے، دنیا میں امن  اور ترقی کیلئے  عالمی سیاست میں اخلاقی اقدار اپنانا ہوں گی، اقوام صرف قدرتی وسائل سے نہیں بلکہ فکر اور سوچ سے ترقی کرتی ہیں۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوانِ صدر میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروباری قرضے فراہم کررہی ہے، بلوچستان  کے نوجوانوں اور خواتین کو حکومتی قرضہ اسکیموں کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔

صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم خاص طور پر نوجوان نسل کو ملک کو آگے لے جانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تعلیمی میدان میں کامیابی سے ہم اقوام کی صف میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں، ملکی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے گروہی اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کو فیک نیوز جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، نوجوانوں کو فیک نیوز سے نمٹنے کیلئے آگاہی اور تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ورکشاپ کے منتظمین نے صدر مملکت کو ورکشاپ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔ شرکا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے عوام میں بیماریوں کے بارے میں آگاہی، ان کے تدارک اور دیگر منصوبوں کے متعلق اقدامات کو سراہا۔

صدر کو بتایا گیا کہ 4 ہفتوں پر مشتمل کورس کے شرکا نے پاک۔ افغان سرحد اور پاکستان کی ایران سے منسلک سرحد کا دورہ کیا ہے جبکہ انہوں نے کراچی اور بلوچستان کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا۔ کورس کے شرکا آخری ہفتہ میں قومی سطح کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کررہے ہیں اور ایوان صدر ان کی آمد اس کا حصہ ہے، شرکا  اس دوران  ملک کی اعلی سول اور فوجی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔

صدرمملکت نے ایوان صدر آمد پر شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ایسی ورکشاپس کی تعداد بڑھائی جانی چاہئے۔ صدر نے قرضوں کی فراہمی اور کامیاب جوان پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقامی قیادت اور ذرائع ابلاغ کو اس بارے میں آگاہی پیدا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں بڑے پیمانے پر رقوم مختص کی ہے جس سے نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان 40سال سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے ، حکومت نے کورونا کی وبا کے دوران بھر پور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں ، پاکستانی عوام نے بھی جذبہ خدمت خلق کے تحت بھرپور کام کیا جو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے خواتین اور نوجوانوں کے لئے صرف سکیم کا اجرا کیا ہے اور بینک الاسلامی10لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کررہا ہے جبکہ فرسٹ وویمن بینک بھی قرضے فراہم کرنے کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعے درخواستیں وصول کررہا ہے، حکومت سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کو بھی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گرین انرجی کے فروغ کے لئے ایوان صدر کو شمسی توانائی پر منتقل کردیا گیا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے اور خدمت خلق کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو انجمن ہلال احمر پاکستان ، بوائز سکائوٹس اور گرل گائیڈز کو باہم ملکر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عورتوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع دینے کی ضرورت ہے۔