کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان اور سندھ میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچا دی۔ قلعہ عبداللہ میں طوفانی بارش کے بعد 3 ڈیم ٹوٹ گئے۔
بلوچستان میں مون سون کا چوتھا اسپیل بھی خطرناک ثابت ہوا۔ متعدد اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ قلعہ عبداللہ میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے سے 3ڈیم ٹوٹ گئے جس سے متعدد دیہات متاثر ہوئے۔ سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے متعدد افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ مسلم باغ میں بھی دو روز سے جاری بارشوں کے باعث 100 سے زائد مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ادھر لسبیلہ میں لنڈا ندی میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ایک بار پھر ٹریفک کے لئے بند ہو گئی۔
انتظامیہ کے مطابق قومی شاہراہ کی بحالی میں مزید 2 روز لگ سکتے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں محکمہ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 5افراد کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں راشن، ادویات اور خیمے بھجوا دیئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث سینکڑوں افراد نے قریبی پہاڑوں پر پناہ لے رکھی ہے جنہیں فوری طورپر ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہیں۔ حکومت بلوچستان نے بھی فوری طور پر متاثرہ اضلاع میں الرٹ جاری کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔