تیرہ اگست کو قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی لیتے کیسے ہیں،عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زبردستی لڑکیوں کو مسلمان کرنے کی مخالفت کریں گے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے جانوروں کے معاشرے میں نہیں، لاہور جلسے میں قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی لیتے کیسے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی ۖ پوری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین ہیں، مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست تھی، ہمارے نبی ۖ نے تمام مذاہب کے لوگوں سے میثاق مدینہ سائن کیا تھا، دنیا دیکھی ہے رنگ و نسل، دین کی بنیاد پرنفرت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، اللہ کا فرمان ہے دین اسلام میں کوئی زبردستی نہیں، ہمارے دین میں سب انسان برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں کسی قسم کی کوئی زبردستی نہیں، زبردستی لڑکیوں کو مسلمان کرنے کی مخالفت کریں گے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے جانوروں کے معاشرے میں نہیں، 26 سال پہلے پارٹی کا نام تحریک انصاف رکھا تھا، ملک میں انصاف ہوگا تو تب ہی ملک آگے بڑھے گا، مدینہ کی ریاست میں مثالی انصاف کا نظام تھا، مدینہ کے مثالی نظام کی وجہ سے جو مسلمان نہیں تھے وہ بھی حصہ بننا چاہتے تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ انصاف لینے کے لیے ہے، ہماری جدوجہد ایک چھوٹے سے ٹولے کے خلاف ہے، ایک چھوٹا سا ٹولہ چوری کرتا ہے اور کہتا ہے این آر او دو، یہ اربوں کی چوری معاف کرا لیتے ہیں۔ انصاف کا مطلب ہے کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون، حقیقی آزادی تب ملتی ہے جب انصاف کا نظام لوگوں کو آزاد کردے، آج ہماری جنگ انصاف لینے کے لیے ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ  عماد یوسف کو رات 2 بجے گھر سے اٹھایا گیا، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا، شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو گھرسے اٹھا لیا گیا، چھوٹی بچی روتی رہی، ہماری جدوجہد جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے خلاف ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں قوم کو حقیقی آزادی بارے بتائیں گے اور آزادی کا جشن منائیں گے، جلسے میں قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی لیتے کیسے ہیں، اقلیتوں کے حقوق کی بھی ہم حفاظت کریں گے۔