پوری قوم کو یکسوہوکرسیلاب متاثرین کی جلد مددکرنی چاہیے،سراج الحق


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سنیٹرسراج الحق نے کہاکہ بلوچستان کی سیلاب وبارش متاثرین کی بروقت امداد ان کی مشکلات وپریشانیوں میں کمی کر سکتے ہیں ۔پی ڈی ایم اے سمیت حکومتی اداروں کو فی الفورمتاثرین تک امدادپہنچادینا چاہیے ۔الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی صوبے کے دوردرازعلاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزکریں اورپریشان حال متاثرین کی ہر ممکن مددیقینی بنائیں ۔جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع والخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں خود سے شروع کریں اور مخیرحضرات سماجی تنظیموں سے مدد لیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالولی خان شاکر نے سراج الحق کو بلوچستان میں بارش وسیلاب کی تباہ کاریوں ونقصانات ،الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی کی خدمات وجدوجہد سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، جھل مگسی ،کوئٹہ ، پنجگور، خضدار ،چمن ،قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ،ہرنائی ،بیلہ ،سبی ، سمیت مختلف علاقو ں میں حالیہ بارش وسیلاب سے جانی ومالی نقصان ہوئے ہیں، ڈیڑھ سو سے زیادہ افرادشہید،سینکڑوں  زخمی ہوئے ہیں، مختلف علاقوں میں سڑکیں پانی میں بہہ گئیں، اور پل ٹوٹ گیے، زمینی راستے بند ،ریل سروس بند ہوگئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں گیس وبجلی کی سپلائی بند ہوگئی ۔

الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی نے متاثرہ علاقوں میں سروے وامدادی کام روزاول سے شروع کر دیے، بیلہ ،جھل مگسی ،کوئٹہ کے متاثرہ علاقوں میں راشن ،تیارپکاہوا کھانا،ٹینٹ ،ترپال متاثرین کو پہنچا دیے ہیں، مزید رضاکار و الخدمت کی ٹیمیں موجودہیں، سندھ سے بھی الخدمت وجماعت اسلامی کی ٹیمیں بیلہ ریلیف کام و امدادی سامان دینے کیلئے پہنچ گئی ہیں ۔ متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی جدوجہد میں بھی ہمارے رضا کار بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں متاثرین کھلے آسمان تلے امدادکے منتظرہیں۔دوسری جانب اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی موجودگی میں حکومتی امداد نہ ملنے اور بدعنوانی کی کہانیاں زبان زدعام ہیں ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ حکومت وپی ڈی ایم اے کو زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوردرازدیہاتوں میں جلد ازجلد امدادی سامان کیساتھ پہنچنا چاہیے، دیانت واخلاص کیساتھ متاثرین کی دادرسی کرنی چاہیے ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم کو یکسوہوکر متاثرہ علاقوں کے متاثرین کی جلد مددکرنی چاہیے، جماعت اسلامی والخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران ورضاکارہر لمحہ فعال رہے اورمتاثرین کی بھر پور مددیقینی بنائیں ۔ بلوچستان میں الخدمت فاونڈیشن کی بہترین خدمات قابل ستائش ہے سیلاب وبارش متاثرین کی امداد قومی دینی جذبے سے کیے جائیں جماعت اسلامی مرکز ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔