آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غر ق کر کے رکھ دیا ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے ۔ اتحادی حکومت نے عوام پر ظالمانہ ٹیکس لگانے،مہنگائی بڑھانے اور مظالم ڈھانے کا سلسلہ وہیں سے شروع کر رکھا ہے جہاں سے تبدیلی حکومت نے چھوڑا تھا ۔ ایک طرف ریلیف کے نام پر لولی پا پ دیا جارہا ہے تو دوسری طرف وزیر خزانہ حکومت پاکستان کی بجائے آئی ایم ایف کی نمائندگی کررہے ہیں، اور انہی کے ایجنڈے کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔ تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار سے اضافہ ناگزیر ہے۔ اکنامک سروے معاشی بحران کی سنگینی کی طرف اشارے کررہے ہیں۔ جب تک آئی ایم ایف کی مداخلت برقرار رہے گی اس وقت تک عوام کی زندگی میں خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لئے روڈ میپ دے ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔