بلوچستان ، دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ، 2 جوان شہید


راولپنڈی (صباح نیوز) بلوچستان میں دہشت گردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے تمپ میں دہشتگردوں نے فورسزکی چیک پوسٹ پرحملہ کیا ، یہ چیک پوسٹ دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے قائم کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے حملے کا فوری جواب دیا ، جس میں دہشتگردوں کوبھاری نقصان پہنچا تاہم جھڑپ کے دوران سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ شہید ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں، بلوچستان میں امن استحکام اور ترقی کا سفر متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا۔