ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے حکومت یوم عاشور پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کرے ، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوسوں کے روٹس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ہر ممکن پیشگی اقدامات ہونے چاہییں۔ حساس علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔ شہادت امام حسین  قربانی کی لازوال داستان ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کا محرم الحرام کے جلسوں جلوسوں پر پابندی عائد کرنا بد ترین اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے اندر اقلیتوں پر مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اورمذہبی فرائض کی ادائیگی پر پابندی لگائی جارہی ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ایثار و قربانی اور تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ سیدنا امام حسین  اور ان کے رفقاء نے دین حق کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا مگر ظالم حکمرانوں کی اطاعت قبول نہیں کی۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نہتے اور مظلوم کشمیری اور فلسطینی بھائی ظالموں کے سامنے سرتسلیم خم کرنے کو تیار نہیں۔ یہی شہادت امام حسین  کا اصل پیغام ہے۔ الحمد للہ کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کی قربانیاں بھی حضرت امام حسین کی سنت کو زندہ کررہی ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ناگزیر ہے تفرقہ قوموں کو تبادہ کردیتاہے۔ دنیا میں باعزت اور پروقار مقام کے لیے مسلم ممالک کو آپسی اختلافات پس پشت ڈال کر یک جان ہونا ہوگا۔ وگرنہ کفار ہمیں مختلف حیلوں بہانوں سے نشانہ بناتے رہیں گے۔