ظلم کے نظام کے خلاف جہادہی شہادت امام حسین  کا اصل پیغام ہے،جاویدقصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ شہادت حضرت امام حسین  پوری امت کے لیے پیغام ہے کہ کسی ظالم اور جابر حکمران کے سامنے سر تسلیم خم کیا جائے اور نہ ہی ظلم کے نظام کو برداشت کیا جائے، چاہے اس کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینی پڑے۔ حضرت امام حسین  نے اپنی اور اپنے گھر والوں کی قربانی دے کر اسلام کا پرچم بلند کیا ۔ حکومت محرم الحرام کے حوالے سے فل پروف سیکورٹی کا اہتمام کرے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کی دو روزہ تربیت گاہ کے شرکاء اور لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان کے غیور مسلمان اپنے نہتے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان اس حوالے سے عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروائے۔ فلسطینیوں کو دہائیوں سے اسرائیلی مظالم کا سامنا ہے۔ اسرائیلی فوج کی بربریت بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ 1967سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک و قوم اس وقت گھمبیر قسم کے مسائل کی زد میں ہے۔ تحریک انصاف کے بعد اتحادی حکومت کی کارکردگی کو بھی عوام نے دیکھ لیا ہے ۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کرنے کے باوجود ملک میں ترقی و خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملا۔ عوام کے پاس اب صرف جماعت اسلامی ہی واحد آپشن باقی بچا ہے۔ کارکنان و  ذمہ داران اس حوالے سے مکمل یکسوئی کے ساتھ میدان میں اتریں اور جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔