پی ٹی آئی کی صدارت کیلئے 4بندے آگے آگے ہیں،حنیف عباسی


راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے دعوی کیا ہے کہ تحریک انصاف کی پارٹی صدارت کے لیے چار بندے آگے آچکے ہیں، فواد چوہدری بھی پی ٹی آئی کی صدارت لینے کی کوشش کر رہے ہیں،ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پرپی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا، باہر نہیں بھاگنے دیں گے۔

یہ بات انھوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں، بینامی اکانٹس سامنے آنے کے بعد عارف علوی کو عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔حنیف عباسی نے کہا کہ اسد عمر، شاہ فرمان، عامر کیانی کے خلاف انویسٹی گیشن ایف آئی اے کے سپرد کردی ہے، پی ٹی آئی کے 13 بے نامی اکاونٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ میں معاملہ ایف آئی اے اور نیب کے سپرد کیے جانے پر بات ہوئی، پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا، ان کو باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان نے خیرات کا پیسہ ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا، نواز شریف کے خلاف فیصلہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر آیا، نواز شریف نے خیرات کا پیسہ نہیں کھایا، تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان حکومت میں ہو یا حکومت سے باہر ہو ملک کیلئے زہر قاتل ہے، عمران خان نے کہا جوئے میں 20 لاکھ جیتے اور پارٹی کا قرض اتارا، عمران خان کی پوری پارٹی حرام کے پیسے پر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 350 کمپنیوں سے آنے والے پیسوں کی تحقیقات ایف آئی کے سپرد کر دی گئی ہیں، عمران خان کے چہیتے ثاقب نثار نے کہا اگر بیان حلفی جھوٹا ثابت ہوا تو ایکشن ہوگا۔