اسلام آباد، لندن(صباح نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران اتحاد کے قائدین کے اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے زریعے کھل کر اظہار خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کردی۔
نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ اس ریفرنس کو فل کورٹ سنے۔ اجلاس کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، عمران خان سی پیک کو رول بیک اور کشمیرکا سودا کرنے میں بھی براہ راست ملوث ہے۔