ویڈیوز جاری کرنے کا واحد مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ویڈیوز جاری کرنے کا واحد مقصد عدلیہ کو دبا میں لانا ہے اور امید ہے کہ عدلیہ اس دباو کو مسترد کر دے گی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے لاہور میں ہونے والی تقاریر کا لاتعلقی کا اظہار کیا جو خوش آئند بات ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے لاہور میں ایک کانفرنس میں ہونے والی تقاریر سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جاری پریس ریلیز آئین و قانون کے عین مطابق ہے۔ سابق چیف جسٹس سے متعلق ویڈیو جعلی ثابت ہوئی۔ ن لیگ نے اس طرح کی ویڈیو پہلی دفعہ جا ری نہیں کی اس سے پہلے بھی اس طرح کی حرکتیں کی جاتی رہی ہیں اس کا مقصد عدلیہ کو دبائو میں لانے کی کوشش ہے۔ دراصل اس طرح کی مہم چلانے کا ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ شایدججز دبائو میں آجائیں۔

  انہوں نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں جعلی ویڈیو لیک کا معاملہ زیر غور آیا جو کردار یہ کھیل کھیل رہے ہیں وہ سب ہمارے سامنے ہیں مریم نواز کا ہمیشہ سے اس طرح کا منفی رویہ رہا ہے لوگوں کی ٹیپیں بنوانا ان کی جعلی لیک بنانا ۔ انہوں نے جعلی لیک بنانے والی ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں۔ کسی سیاسی جماعت نے کبھی ایسی حرکتیں نہیں کیں جس طرح مریم نواز ٹولہ کررہاہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور امید ہے یہ معاملہ بھی منطقی انجام کو پہنچے گا۔ اس حوالے سے عدلیہ کی طرف سے جو بھی ہدایات آئیں گی ہم عمل کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں فارن فنڈنگ کا معاملہ بھی زیربحث آیا ۔ اسلام آباد اور لاہور میں فارنگ فنڈنگ سے سیمینار کیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ایک کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی ای وی ایم اخراجات اور تکنیکی معاونت سے متعلق امور پر کام کرے گی۔

اس کمیٹی میں ڈاکٹر بابر اعوان ،اعظم سواتی ، شبلی فراز، امین الحق اور اٹارنی جنرل پاکستان شامل ہیں۔ کمیٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ رابطے قائم کر ے گی  اور ای وی ایم کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو جو بھی مدد درکار ہوگی ہم مہیا کریں گے ۔ یہ لازمی بات ہے کہ آئندہ الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے اور بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی اس بار ضرور ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ ن لیگ کو ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ اس بار نواز شریف کے بیٹے بھی ووٹ دے سکیں گے۔فواد چوہدری نے کہاکہ افسوس کی بات ہے جب چینی کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اخبارات میں شہ سرخیاں آجاتی ہیں اور جب قیمتیں کم ہوتی ہیں خاموشی سادھ لی جاتی ہے یہ ہمارا گلہ ہے۔ اس وقت چینی مارکیٹ میں 90 سے 95 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ اجلاس کو آئی ایم ایف کے پیکیج کی تفصیلات بتائی گئی ۔ اجلاس کو وفاقی وزیر تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ اور صنعت پیداوار میں خالی آسامیوں پر بریفنگ دی گئی ۔ جمیز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ جمیز اور جیولری کی برآمدات کو بڑھایا جاسکے اور قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جاسکے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان اور برطانیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان فریم کوورک کی منظوری دی ہے 3 سال کا معاہدہ ہوگا کمرشل ایئر لائن کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔ انٹلیکچیول پراپرٹی آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کو ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ، ریگولیٹری اتھارٹی کے ممبران کی تعیناتی متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگی۔ الیکٹرانک سرٹیفکیٹس ایگریڈیشن کونسل پر 3 سال کیلئے ممبران تعینات کیے گئے ہیں۔

شہزاد سمی ، عبدالواحد خان اور ایڈووکیٹ غلام مصطفی خان کو نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن کے ممبران میں شامل کیا گیا ہے۔ میاں محمد احمد کو عارضی طورپر ممبر پورٹ قاسم اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے۔ ریاض ایم او یو ان پورٹ اسٹیٹ کنٹرول میں پاکستان کی شمولیت کی منظوری دی گئی ۔ یعنی کراچی کا پورٹ ور ریاض کا پورٹ اب آپس میں براہ راست کمیونیکیشن کرسکیں گے۔ نئی 38 دوائیوں کی قیمتوں کے تعین کی منظوری دی گئی ہے ۔ کابینہ نے سعید احمد واچ کو 3 سال کے لئے سی ای او سکھر تعینات کیا ہے۔ حیدر آباد کے سی ای او کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

نور احمد سومرو کو ہیسکو میں سی ای او لگایا گیا ہے ۔ وزارت آبی وسائل کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے جمیل اختر کو ممبر پاور واپڈا لگایا گیا ہے جاوید اختر لطیف کو بطور ممبر واپڈا 3 سال کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ کیبنٹ کمیٹی توانائی کے 4  اور 11 نومبر 2021 کے منصوبوں کے فیصلوں کی تثیق کی گئی ہے ۔ تیل کی ذخیرہ اندوزی میں 2ہزار سے زائد غیر قانونی پٹرول پمپوں کو سیل کیا گیا اور اوگرا کی طرف سے او ایم سی کو مزید لائسنسز روک دئیے گئے ہیں۔ ہونے والی انکوائری میں ایک کمپنی کے سی ای او کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اوگرا کے ڈی جی آئل بھی جیل میں ہیں۔

وزارت پٹرولیم اور اوگرا کے سینئر آفیسرز کریمنل کیسز کا سامنا کررہے ہیں اور ان میں سے 4 لوگ جیل میں ہیں۔ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ایک ارب روپے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 نومبر 2021 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی ہے۔رحمت اللعالمین اتھارٹی کیلئے پیسے جاری کردئیے گئے ہیں ۔

یوریا کیلئے پیرا رولز کی منظوری دی گئی ہے تاکہ یوریا کی کمی نہ ہو۔ لوکل گورنمنٹ الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کو ساڑھے چار ارب روپیہ جاری کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کی منظوری دی گئی ہے ۔ کابینہ نے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹی مینجمنٹ ایکٹ جی پی ایم اے کے بورڈ آف گورنر پر ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

ممبران میں چیئرمین بی او آئی چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ہائوسنگ یا ان کے نمائندے شامل ہوں گے۔  وفاقی وزیر  نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سندھ میں اشیاء کی قیمتیں دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہیں اگر وفاق کارروائی کرتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔ میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار بار کہنے کے باوجود انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن نے تعاون نہیں کیا۔ وفاقی وزیر عمر ایوب نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا ہے۔