اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، ایک ایسا نظام تشکیل دیاجارہا ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نظام کی جانچ پڑتال کی جاسکے گی اوراسے ہیک نہیں کیاجاسکتا۔صدر مملکت نے کہاکہ مختلف وجوہات کی وجہ سے پاکستانی سفارتخانوں میں پوسٹل اورفزیکل ووٹنگ قابل عمل طریقہ کار نہیں۔آئی ووٹنگ کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ روزانہ کھربوں ڈالرز کا آن لائن لین دین ہوتا ہے ،
انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کاحق دینے کا وعدہ کیا،دوہری شہریت والوں کو ووٹنگ کا حق ملنا چاہئے،آئین پاکستان کے ہر شہری کو ووٹ کا حق دیتا ہے،صدرِ مملکت نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ووٹ کے حق کے مستحق ہیں،
انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ووٹنگ کا عمل زیادہ سے زیادہ آسان ہو،اوورسیز ووٹنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرغور رہیں ،پوسٹل بیلٹ یا سفارتخانوں میں جا کرووٹنگ ایک مشکل مرحلہ ہے،صدرِ مملکت نے کہاکہ پاکستان ایک باصلاحیت قیادت کے باعث ترقی کریگا ،ہمیں خودکوٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اوردنیامیں ہونیوالی تبدیلیوں کو اپناناہے،
صدر نے کہاکہ انتخابات کیلئے اب نادرا کی فہرست کوحتمی قراردے دیاگیاہے،نادرا اور آئی ٹی کی وزارت الیکشن کمیشن کی سہولت کیلئے مل کرکام کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ اوورسیز کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا،ہم سب مل کر پاکستان کو ترقی یافتہ بنائیں گے،