کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان نے سی پی این ای بلوچستان کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل عامر محمود کے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کمیٹی کے مقاصد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اخبارات و جرائد، صحافیوں، ایڈیٹرز اور میڈیا اداروں کے مسائل، آزادی اظہار اور آزادی صحافت کی علاقائی صورتحال اجاگر کرنا اور اس کے حل کے لئے کوشش کرنا ہے۔
کمیٹی اس سلسلے میں ملاقاتیں، اجلاس، ورکشاپ، سیمینارز منعقد کرنے کی مجاز ہوگی۔ بلوچستان کمیٹی اٹھائے گئے اقدامات ، سفارشات / تجاویز اور کارکردگی رپورٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کو ارسال کرے گی۔ بلوچستان کمیٹی 11 اراکین پر مشتمل ہوگی جس کے چیئرمین روزنامہ انتخاب کوئٹہ کے چیف ایڈیٹر انور ساجدی اور ڈپٹی چیئرمین روزنامہ نوائے وطن کوئٹہ کے چیف ایڈیٹر منیر احمد بلوچ مقرر کیئے گئے ہیں۔
کمیٹی کے دیگر اراکین میں رضا رحمان (روزنامہ ایکسپریس کوئٹہ)، عارف بلوچ (روزنامہ بلوچستان ایکسپریس کوئٹہ)، خلیل احمد (روزنامہ بلوچستان ٹائمز کوئٹہ)، علی رضا لہڑی (روزنامہ عصر نو مستونگ)، آصف بلوچ (روزنامہ آزادی کوئٹہ)، عبدالنعیم صادق (روزنامہ گوادر ٹائمز کوئٹہ)، گلریز خان (روزنامہ باخبر کوئٹہ)، نادر حسین زمرد (روزنامہ ہمت کوئٹہ) اور بالاچ بلوچ (روزنامہ انتخاب حب) شامل ہیں۔