بدعنوانی ،نااہلی وغفلت کی وجہ سے ملک وبلوچستان تباہی وبربادی کے قریب ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)  امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ڈیڑھ سوکے قریب اموات ،سینکڑو ں مکانات تباہ ،مال ومویشی وکھڑی فصلوں کا بہت بھاری نقصان ہوا ہے مگرحکومتی غفلت اورکوتاہی اب بھی عیاں ہے اس موقع کو بھی بدعنوانی نااہلی کی نظر کیاجارہا ہے ۔بدعنوانی ،نااہلی وغفلت کی وجہ سے ملک وبلوچستان تباہی وبربادی کے قریب ہے ۔سزاوجزانہ ہونے اوراحتساب کے ادارے کے اہلکاروں کا بدعنوانی میں ملوث ہونے کی وجہ سے بدعنوانی میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہے۔بدقسمتی سے بلوچستان کو وفاق وصوبائی حکومتوں اوراسٹبلشمنٹ نے ترقی وخوشحالی دینے اورمسائل حل کرنے کے حوالے سے یکسر نظراندازکر دیا ہے جس کی وجہ سے ردعمل احساس محرومی نفرت وتعصب عام ہونے کیساتھ مسائل پریشانیوں اورمشکلات میں بدترین اضافہ ہورہاہے حکومت غفلت وکوتاہی اور بدعنوانی سے نکل کر عوام کی حالت پر رحم کریں جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی مسائل کے حل حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمران خود اقتدار کے حصول ،باریاں لینے اور بدعنوانی میں مصروف انہیں ڈالرکی اُڑان مہنگائی وعوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان نے حکمرانوں کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی ،آئی ایم ایف اور امریکہ ملے ہوئے ہیں۔ چند دنوں میں ہونے والے اس غیر معمولی اضافے کے بعد غیر ملکی قرضوں میں بھی اربوں ڈالر کا اضافہ ہوگیا ہے۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کسی قسم کا کوئی ٹھہرائو نہیں ملک میں معاشی استحکام لائے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

تحریک انصاف اور اتحادی حکومت نے عوام کو محض سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ جب تک ملک میں سودی معیشت برقرار ہے، اس وقت تک خوشحالی ممکن نہیں۔ حکومتوں کی جانب سے بھاری سود پر قرضے حاصل کرنے سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سود کے خلاف وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا روڈ میپ دے۔  پاکستان کو اس وقت ملکی تاریخ کے سب سے بڑے مالی خسارے کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق سال 2021-22کا مالی خسارہ 17ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔ معاشی استحکام کے لیے فوری ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو بھلا کر ملکی استحکام کی خاطر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں