الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کا بارش متاثرین کی امداد و بحالی کا مطالبہ


کوئٹہ(صباح نیوز)ا لخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد نے بارش متاثرین کی امداد و بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان بھر میں جانی ومالی نقصان کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروذمہ داران متاثرہ علاقوں میں سروے وریلیف کام میں تیزی لے آئیں ۔دکھی انسانیت کی دیانت سے خدمت کی ضرورت ہے حکومت کی طرف سے صرف آفت زدہ کا اعلان کرنا کافی نہیں متاثرین کی بھر پور مددکی ضرورت ہے۔الحمداللہ الخدمت کے رضاکاروذمہ داران متاثرہ علاقوں میں پہلے دن سے متاثرین کی ممکنہ تعاون ،محفوظ مقامات تک پہنچانے ،پانی کے نکاس ،راشن ،خیمے ودیگر ضروریات کی فراہمی میں مصروف ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہو ں نے صحافیوں کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ گذشتہ چند دنوں کے دوران مسلسل بارش کے باعث بلوچستان کے اکثر اضلاع پانی کی لپیٹ میں آگئے ہیں تاحال بہت سے علاقوں سے پانی کانکاس نہیں ہوا سو سے زائد افراد کا انتقال ہوا جبکہ مکانات گر گیے ہیں مویشی ،کھڑی فصلیں ودیگر نقصانات الگ ہیں بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں وخاندانوں کی فوری مدد کی ضرورت ہے،بلوچستان حکومت،سماجی تنظیموں کو چاہئے کہ متاثرین کی فوری مدد کرے تاکہ گھروں میں موجود پانی کو نکالا جا سکے اور متاثرین کوضروریات ،خیمے وٹینٹ فراہم کیے جائیں۔

بارش اللہ کی رحمت لیکن بہتر انتظامات نہ ہونے ،غربت ،کچے گھروں کی وجہ سے بارش مکینوں کے لیئے امتحان وزحمت بن چکی ہے الخدمت متاثرین کی فوری بحالی کے لیئے ہر ممکن مدد کررہی ہے متاثرہ علاقوں میں ٹیم ریلیف ورک میں مصروف ہیں جس میں متاثرین کومحفوظ مقامات تک پہنچانے، خیموں،راشن ،گرم کپڑے کی فراہمی سمیت ہر قسم ممکنہ مددشامل ہے انہوںنے بارش کی وجہ سے اموات ،گھروں، فصلوں و ودیگر املاک کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرین کو ریلیف دینے ،بارش کے پانی کو کھروں محلوں بازاروں سے نکالنے، نقصان کا ازالہ اور امداد و بحالی کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔