تباہی سرکار نے مہنگائی کی سونامی کا باضابطہ اعلان کر دیا،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ تباہی سرکار نے مہنگائی کی سونامی کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کا ہدف 610 ارب روپے رکھا تھا، قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اب پیٹرولیم لیوی بھی عوام سے وصول کی جائے گی۔ اب پیٹرول کی قیمت اضافے کے ساتھ ہر ماہ 4 سے 5 روپے فی لیٹر لیوی بھی عائد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے ماہ میں حکومت پیٹرول کی قیمت میں بہت بڑا اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ پہلے ہی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 18.34فیصد ہو چکی ہے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت اب آئی ایم ایف چلائے گا۔ غربت اور بیروزگاری کی شرح مسلسل بڑھنے کے باوجود عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جائے گا۔