اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک نفاذ اردو پاکستان کے زیرِ اہتمام مشاعرہ اور مذاکرہ کی خوبصورت مجلس کا اہتمام،صائمہ آفتاب، ڈاکٹر فخر عباس،،افتخار احمد عثمانی ،عقیل عباس چغتائی سمیت نامور شعرا نے اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کیا،
تفصیلات کے مطابق تحریک نفاذ اردو پاکستان کے زیرِ اہتمام ، مجلس مذاکرہ اور محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ڈاکٹر پیر طارق شریف زادہ اور عطا الرحمن چوہان نے کی جبکہ مجلس کی نگرانی کے فرائض افشین شہریار نے کی، انھوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں میں سب ہی کی شکر گزار ہوں جو جو شریک ہوئے جو نہ ہو سکے ان سے امید ہے کہ ان شاء اللہ اگلی نشست میں ان سے ملاقات ہو گی ۔اس تقریب کا دوسرا حصہ محفل مشاعرہ پر مشتمل تھا جس کی صدارت اعتبار ساجد نے کی اور نقابت کے فرائض عابد نصیر نے سر انجام دیے۔
مشاعرے میں شعرا نے اپنی شاعری پیش کی اور سب ہی نے بہت باکمال اور بامعنی شاعری سنائی۔محفل مشاعرہ میں صائمہ آفتاب، ڈاکٹر فخر عباس،،افتخار احمد عثمانی ،عقیل عباس چغتائی ،صباحت سعد ، علیمہ جبیں نے اپنے اپنے اشعار سے شرکا کو خوب محظوظ کیا۔ رکن شعبہ سماجی ذرائع ابلاغ ، تحریک نفاذ اردو پاکستان ام ہانی نے اس موقع پر کہا کہ بہت یاد آ رہی تھیں اپنی گزشتہ مجالس اور نشستیں آج سب احباب سے دوبارہ روبرو ملاقات ہوئی تو بہت خوشی ہوئی اور آج کی مجلس میں نوجوان نسل کی تعداد اور خصوصا ہمارے مستقبل کے افسران کی موجودگی نے دل کو عجب خوشی عنایت کی ۔
اللہ عزوجل کی ذاتِ مبارکہ اس قافلے میں دن بہ دن مزید نئے لوگوں اور چہروں کا اضافہ فرمائے ، نفاذ اردو کے اس قافلے کو کامیاب ہونے تک ثابت قدم رکھے ، اللہ عزوجل ہماری کوششوں کو ثمر بار کرے اور ہم بھی سر اٹھا کر اقوامِ عالم میں کہہ سکیں کہ ہاں ہم پاکستانی ہیں اور ہم اردو کے محافظ ہیں، کسی کو ہم سے بات کرنی ہے تو اردو سیکھ کر آئے یا ترجمان رکھے ۔ ہم کیوں غیروں سے ان کی زبان میں بات کریں وہ کیوں ہماری زبان کو اہمیت نہ دیں؟