کولمبو(صباح نیوز)پاک سری لنکا دوسرا ٹیسٹ میج کا میدان کل سجے گا،پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے،فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں انجری کے سبب دستیاب نہیں،شاہین آفریدی کی جگہ حارث روف یا فہیم اشرف جبکہ اظہر علی کی جگہ فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل سے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو گا، پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے ان کی جگہ حارث روف یا فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
قومی ٹیم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں انجری کے سبب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم اسکواڈ کے ہمراہ آئی لینڈ میں ہی رہیں گے۔مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی کی جگہ فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔سری لنکن ٹیم کو دیمتھ کرونا رتنے لیڈ کر رہے ہیں۔ٹاپ آرڈر بیٹر پاتھم نسانکا فٹنس مسائل سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے دستیاب ہوں گے جبکہ انجرڈ ماہیش تھیکشنا کی جگہ لکشیتھا مانا سنگھے کا ٹیسٹ ڈیبیو متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان سری لنکا کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔