نیلم(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرو سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو دیوار سے لگانے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش زور پکڑ رہی ہے پوری قوم اتحاد و یکجہتی سے سازش کو ناکام بنائے ، نریندرمودی کے 5اگست2019ء کے مذموم اقدامات کے نتیجے میں کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی ،اس حوالے سے آزادکشمیر کی حکومت و قیادت بھی اس لحاظ سے قصوروار ہے کہ جو اپنے بیس کیمپ اور خطہ میں تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی میں موثر کردار ادا نہ کرسکی ۔بے پنا ہ محرومیوں کے باوجود نیلم سمیت آزادکشمیر کے عوام اسلام اورپاکستان سے محبت رکھتے ہیں جذبہ غیرت سے سرشار ہیں اگر کوئی یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہ بھی کرے تو جماعت اسلامی پاکستان اور جماعت اسلامی آزادکشمیر آپ کی پشتیبان اور محافظ ہے ،آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے،
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دورہ وادی نیلم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،امیر ضلع اپر نیلم محمد الطاف،امیر ضلع لوہر نیلم عنایت علی قاسمی سمیت دیگر ر ہنماؤں نے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح کی موجودگی میں لیاقت علی خان کی سربراہی میں قرارداد مقاصد سید ابو الامودودی کی مشاورت سے پاس کرائی ،علماء کا ہمیشہ دین اسلام ،شریعت اور نظام مصطفی کے نفاذ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں تا ہم مسالک و فرقہ پرستی کی وجہ سے نفاذ اسلام کی راہ میں رکاوٹ آئی ،نبی پاکۖ سے محبت اور عشق ہمارے ایمان کا تقاضا ہے اللہ پاک نے قرآن میں ارشاد فرمایا کہ اگر تم اللہ سے محبت کرنا چاہتے ہو تو محمد رسول اللہ ۖ اور صحابہ کی اطاعت و فرمابرداری کرو ،آج عالم اسلام بالعموم اور ملک پاکستان وکشمیر کے عوام بالخصوص مسالک اور ذات برادری،علاقائی اور لسانی تعصبات میں گرے ہوئے ہے جو کہ امت میں تفرقہ اور زوال کا باعث ہے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے جید اور عظیم علماء کرام نے مل کر پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کو ختم کیا شاہ احمد نورانی ،قاضی حسین احمد ،مولانا فضل الرحمان،پروفیسر ساجد میر ،علامہ ساجد علی نقوی نے مل بیٹھ کر سپاہ صحابہ اور سپاہ محمدتحریک جعفریہ کی قیادت کو جمع کرتے ہوئے مشترک اور اصولوں کی بنیاد پرمجتمع کرنے کا فریضہ سر انجام دیا۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ علما کرام کی مشاور ت اور جناب ذوالفقار علی بھٹو کی کوشش سے پاکستان کا اسلامی آئین مرتب کیا گیا جس پر پوری قوم کا اتفاق ہے لیکن مختلف اوقات میں مختلف اوامر نے آئین کو پامال اور جمہوری نظام کو سبوتاژ کیا جس کے باعث پاکستان اسلامی نظام کے نفاذ سے آج تک محروم ہے آئی ایم ایف کے پاس پاکستان بیسویں مرتبہ جا چکا 157ممالک اس کے ممبر ہیں کسی بھی ملک کی معاشی حالت کی ابتری کی وجہ آئی ایم ایف کی شرائط اور قدغنیں لگانا ہے کرپشن فراڈ اور تعصبات و عدم استحکام کے باعث پاکستان آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں پھنساہوا ہے جو کہ مکمل سودی نظام ہے ہمارے مسائل کا حل آئی ایم ایف،ایف اے ٹی ایف امریکہ یا کسی دنیاوی قوت کے پاس نہیں بلکہ اسلام کے نظام میں مضمر ہے اسلامی نظام معیشت اور زکوةٰ و عشر کا نظام ہے ۔