مسئلہ کشمیرابھی نہیں تو کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہوچکاہے،لیاقت بلوچ


نیلم(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نیلم ویلی شہداء اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ مسئلہ کشمیرکا پائیدار اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قرادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارایت فراہم کرنے میں مضمر ہے۔ مسئلہ کشمیرابھی نہیں تو کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہوچکاہے،حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے، حکومت پاکستا ن نیلم ویلی کے وسائل اور بجلی کے پراجیکٹس کے ذریعے آزادکشمیر کے عوام کو ان کا پورا حق دے، گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ اور آزاد کشمیر کو فیڈریشن کا حصہ بنانے کے مذموم عزائم پاکستان کے عوام اور کشمیر ی مسترد کرتے ہیں، موجودہ معاشی سود ی نظام نے ملک وقوم اور عوام کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اور FATFکا غلام بنا کر جکڑ دیا ہے۔ وفاقی شریعت کورٹ نے سودی نظام کے خلاف اور اسلامی مالیاتی نظام کے حق میں فیصلہ دیا لیکن حکمران عملدر آمد سے برات کا اظہار کیے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی آزاد کشمیر شعبہ  نشرواشاعت کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دو روزہ دورہ نیلم کے دوران دودھنیال،ہلمت میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،امیر ضلع اپر نیلم محمد الطاف ،امیر ضلع لوہر نیلم عنایت علی قاسمی سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا،اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیر یوں اور عوام کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے ہر میدان میں خدمت و سیاست اور کام کے ذریعہ ملک میں تعصبات و تفرقہ سے پاک اور مثبت جمہوری نظام لانا چاہتی ہے اسلامی نظام کے قیام کے ساتھ ساتھ با اعتماد،امانتدار باکردار افراد کی جماعت ہے جو ترازو کے نشان سے ایمان و یقین توکل اور اعتماد کے ساتھ جملہ بحرانوں اور زمام کار کے ذریعے ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کا عزم رکھتی ہے

انہوں نے کہاکہ آمدہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی منظم و مربوط اور موثر حکمت عملی اور کام کے ذریعے نمایاں جیت و کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیری عوام سے غداری کرنے والے نیست ونابود ہوں گے غلبہ اسلام اور اسلامی فلاحی و خوشحال ریاست،عدل و انصاف کی حکومت کا سورج جلد طلوع ہو گا انہوں نے کہاکہ ہم اپنے اخلاص ،محنت اور یقین و جذبے سے جملہ مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کا عزم کرتے ہوئے باکردار افراد پیش کرتے ہیں عوام اجلے کردار کے حامل ہمارے نامزد امیدواران کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں

انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی گروہی،علاقائی،قبیلائی اور مسلکی وابستگیوں سے بالا تر ہو کررائے عامہ کی ذہنی و فکری تربیت کے ذریعے معاشرتی اصلاح اور صالح قیادت کے ذریعے اسلامی انقلاب کے لیے برسرپیکار ہے،سیاسی جماعتیں، آزمودہ قیادت اور طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے والے  جماعتیں عوام سے کیے گئے وعدوں کے باوجود ملک و قوم کو بحرانوں اور مسائل سے نکالنے میں سنجیدہ نہیں ہیں جماعت اسلامی جمہوری انداز سے اللہ کی حکمرانی اور رسول ۖ کی تعلیمات پر چل کر منظم مفید اور صالح معاشرہ کو پروان چڑھاتے ہوئے غلبہ اسلام اور اقامت دین میں مخلصانہ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے،غیبت،حسد،کینہ،بغض اور دیگر معاشرتی برائیاں نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے معاشرے اور قوم کو کھوکھلا اور زوال کا شکار کردیتی ہیں جماعت اسلامی اپنے کارکنان اور وابستگان کے لیے ایک مخصوص نصاب اور پروگرام رکھتی ہے جس کے ذریعے وہ جدید ٹیکنالوجی ،سوشل میڈیا ،الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا اور دیگر تمام ذرائع رسل و سائل کی برائی کے سیلاب میں بہنے کی بجائے انہی ذرائع کو مثبت اور امر بالمعروف و نہی المنکر کی خاطر استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،جماعت اسلامی کے کارکنان پگڑیاں اچھالنے ،ذاتی مفادات و اغراض اور سے ہٹ کر موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے اور موثر نظام حکومت چلانے کی بھرپور صلاحیت اور افراد کار رکھتی ہے ملک میں نام نہاد سیاسی جماعتیں ،جمہوری اقدار و روایات اور ملک وقوم کے مفاد کے برعکس غیروں کی غلامی اور محض اقتدار کے حصول کے لیے غیر جمہوری طریقہ اور تہذیب سے ہٹ کر اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز ،ایم ایل ایز کا انتخاب کرتی ہیں جو کہ ملک وقوم اور مستقبل کو تاریکی کا باعث بنتے ہیں

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک کو مخلص،محنتی،بے لوث اور تربیت یافتہ قیادت کی ضرورت ہے جو ملک وقوم کو موجودہ معاشی و سیاسی بحران سے نکال سکتی ہے جس کا واحد حل جماعت اسلامی ہے

اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے وادی نیلم کے عوام کی قربانیاں سرینگر کے عوام کی قربانیوں کے برابر ہیں یہ دورافتادہ علاقے ہندوستان کی فائرنگ اور موسمی شدت کی وجہ سے اکثر متاثر رہتے ہیں جماعت اسلامی اور اس کے ادارے اپنی بساط کے مطابق یہاں کے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں جماعت اسلامی پوری قوت کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے عوام جماعت اسلامی پراعتماد کریں جماعت اسلامی آپ کے مسائل آپ کے گھر کی دہلیز پر حل کرے گی

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ یہاں کے شہداء کو پاک فوج کے شہید کے برابر معاوضہ دے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر نریندرمودی مظالم کی انتہا کررہا ہے حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے کشمیری اللہ کے بعد پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔جماعت اسلامی پاکستان نے اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کا حق ادا کیا اہل کشمیر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔