اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہم وضع داری،رواداری کے ساتھ مثبت جمہوری روایات کو آگے بڑھانے کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔قانون ساز اسمبلی میں مجالس قائمہ کا معاملہ باہمی مشاورت کے ساتھ خوش اسلوبی سے طے ہوگیا ہے،مل بیٹھنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔اپوزیشن زعما قابل احترام ہیں ان کی رائے اور مینڈیٹ کا نہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ ان کی راہنمائی میں آزادکشمیر کے خطہ کے اندر ترقی اور خوشحالی کا سفر آگے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔اختلاف رائے کو ذاتی دشمنی نہیں سمجھنا چاہیے،تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی جمہوری رویوں کے تحت مشاورت کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے۔ہم دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے،توقع ہے کہ ہمارے معاملات میں بھی مداخلت نہیں کی جائے گی۔
یہاں مختلف عوامی وفود کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ جس طرح دیگر جماعتیں آزادکشمیر میں اپنے منشور اور دستور کے تحت کام کررہی ہیں اسی طرح تحریک انصاف کو بھی کام کرنے کا آئینی اور قانونی حق حاصل ہے۔ریاستی وسائل قومی امانت ہیں جن کا تحفظ کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔حکومت پارلیمانی اپوزیشن سمیت تمام مکاتب فکر کا احترام کرتی ہے اور اہم فیصلوں میں سیاسی قیادت سمیت آزادکشمیر کے صاحب الرائے طبقات کو مشاورت میں شامل کرنے کی پالیسی اختیار کی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے تقسیم کشمیر،تیرہویں ترمیم کے خاتمہ اور ٹورازم اتھارٹی کے حوالے سے یکطرفہ اور منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے،سوشل میڈیا کی غیر مصدقہ اطلاعات کو بنیاد بناکر ریاست کے اندر انتشار اور خلفشار پیدا کر کے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ریاست آئین کے تحت قائم ہے اور حکومت اسی آئین اور قانون کے تحت کام کررہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جن ترجیحات کا تعین بجٹ میں کیا ہے ان پر عملدرآمد کے لیے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کام شروع ہے تاہم آزادکشمیر کی انتظامی مشینری،سرکاری اداروں خصوصا ترقیاتی شعبوں میں کام کرنے والے محکمہ جات کے اندر دور حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔دیر پا اور معیاری ترقی یقینی بنانے کے لیے تعمیراتی شعبہ میں تصریحات پر عملدرآمد ممکن بنائیں گے۔بلدیاتی انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا جائے گا،تحریک انصاف نہ صرف ان انتخابات میں حصہ لے گی بلکہ کارکن انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں بہت جلد بلدیاتی انتخابات کے لیے مشاورتی اجلاس بلائیں گے۔کارکنوں کی مشاورت سے یونین کونسل کی سطح پر تحریک انصاف اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر عام آدمی کے مسائل حل کرنا تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔ہماری کوشش ہے کہ تمام انتخابی وعدوں پر عملدرآمد کروائیں۔مالی مسائل کے باوجود آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا عمل جاری رہے گا،بلدیاتی انتخابات کے بعد مقامی مسائل حل کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔