بلوچستان کے عوام کیساتھ سوتیلاسلوک ،حق مانگنے والوں کو غدار کہنا بند ہونا چاہیے، امیر العظیم


کوئٹہ (صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مظلوم عوام کیساتھ سوتیلاسلوک ،حق مانگنے والوں کو غدار کہنا بند ہونا چاہیے، سی پیک سٹی گوادر کے غریب عوام مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے ۔کیا گوادرکے وسائل پرصرف سرمایہ داروں کا حق ہے؟ سی پیک سٹی گوادر کے مقامی آبادی جو صدیوں سے یہاں آباد ہے سب سے پہلے انہی کو حق ملنا چاہیے اہل بلوچستان کو ایران وافغانستان سے آسان شرائط پرقانونی تجارت کا موقع دیا جائے مچھیروں ماہی گیروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جماعت اسلامی حق دو تحریک کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے ۔گوادر کے عوام مائیں بچے گزشتہ سات دن سے معمولات زندی چھوڑ کر حقوق کے حصول کیلئے میدان میں نکلے ہیں بے حس حکمران ٹھس سے مس نہیں ہورہے ۔انشاء اللہ حق دو تحریک کامیاب اور ان کے مسائل حل ہوں گے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گوادر میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران ،مقامی نوجوانوں کے وفد ،حق دو تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیاانہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مظلوم عوام پر نظام حیات تنگ کیا گیا ہے ہر طرف مسائل مشکلات اورپریشانیاں ہیں جو اکثر حکمرانوں کی ناقص پالیسی وظالمانہ اقدامات کی وجہ سے ہیں ۔جماعت اسلامی گوادر کو حق دو تحریک کیساتھ ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں توانشاء اللہ بلوچستان کی تقدیر بدلیگی ۔بلوچستان کے عوام سے سوتیلی ماں کا سلوک ،اپنے شہر میں مقامی افراد سے چیک پوسٹوں پر پوچھ گچھ کے نام پر تذلیل ،دن میں پانچ دفعہ شناخت طلب کرنے والے عوام میں احسا س محرومی اور ردعمل پیدا کرکے ان کی عزت نفس مجروح کر رہے ہیں ۔بدقسمتی سے صوبائی حکومت بھی وفاقی حکومت کی طرح صرف خاموش تماشائی کا منفی کردار ادا کررہے ہیں سات دن دھرنا گزرگیا لین علاقے کے منتخب نمائندوں تک بھی پوچھنے نہیں آیا کیا۔ دھرنے دینے والوں نے ذاتی مسائل کیلئے ذاتی مفادات کیلئے دھرنا دیا ہے ؟حکمرانوں ،منتخب نمائندوں کو ہوش کا ناخن لیناچاہیے اور سخت گرمی میں گھر بار چھوڑ کر دھرنادینے والوں سے بامقصد مذاکرات کرکے ان کے مسائل حل کرنے چاہیے یہ اجتماعی قومی سلگتے مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکلے ہیں وفا ق وصوبائی حکومت کب تک منہ چھپائیں گے ۔حکمران عوام کے مسائل ومشکلات میں اضافہ کرکے عوام کو زندہ درگراور تباہ اور برباد کرنے کی عوام دشمن پالیسی پر گامزن ہے جماعت اسلامی ان کے زخموں پر مرھم رکھے گی جماعت اسلامی ہی ان مسائل کو حل کرسکتی ہے اس لیے کہ جماعت اسلامی ملک کے تمام قوموں ،تمام علاقوں کے لوگوں کی حقیقی دینی بدعنوانی سے پاک انقلابی جمہوری پارٹی ہے۔