کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے نالوں میں پانی بھرنے کے شادمان نالہ وگجر نالہ سمیت تمام نالوں پر ایمر جنسی نافذ کی جائے ،شادمان ٹاؤن نالے میں ہونے والے دلخراش اور افسوسناک واقعہ نے اہل کراچی کو اشک بارکردیا، موٹر سائیکل سوار اپنی فیملی سمیت نالے میں ڈوب گیا، ابھی تک اس فیملی میں سے معصوم بچے کی لاش نہیں مل سکی،سندھ حکومت اور سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی نااہلی کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے ،شادمان نالے کی تباہی کی اصل ذمہ دار ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ہیں ، شادمان نالے کو غلط جگہ سے موڑا گیا جو آج تک تباہی کا باعث بنا ہواہے۔ یہ وہی نالہ ہے کہ جس کے بارے میں ماضی میںجماعت اسلامی نے مطالبہ کیا تھا کہ اسے فوری طور پر بند کیا جائے اوراس کی ازسر نوتعمیر کی جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں گزشتہ روز بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امراء کراچی مسلم پرویز، راجا عارف سلطان، سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سکریٹری کراچی یونس بارائی، ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ شادمان نالے کی تعمیر کے حوالے سے کبھی ٹینڈر پاس کیا جاتاہے اور کبھی کچھ کیا جاتا ہے لیکن عملاً کچھ نہیں کیاجاتا،حکمران بتائیں کہ شادمان نالے پر ہونے والے واقعہ کا ذمہ دار کون ہے؟پیپلز پارٹی کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر کیا عوام کے تحفظ کے لیے نالے کے ارد گرد حفاظتی اقدامات نہیں کرسکتے تھے؟ ندی نالوں کی صفائی کے لیے اربوں روپے کا بجٹ تو مختص کیا جاتا ہے لیکن عملاً کوئی کام نہیں ہوتا ،شہر میں 30 ہزار سے زائد ایسی عمارتیں ہیں جو ٹائم بم بنی ہوئی ہیں،ایس بی سی اے کا ادارہ صرف چند پیسوں کے لیے عوام کی جانوں سے کھیل رہا ہے،کراچی کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ 24جولائی کے دن گھروں سے نکلیں اور انتخابی نشان ترازو پر مہر لگاکر جماعت اسلامی کا میئر لائیں ،جماعت اسلامی اگلے چار سال تک عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جنگ لڑے گی اور حکمرانوں سے کراچی کے ادھورے منصوبے مکمل کروائے گی ۔ شہر ایک مرتبہ پھر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور حسرت کی علامت بن گیا ہے،کراچی کے عوام’ مڈل کلاس اور غریب لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہیں ہے،1.2 ارب روپے ندی نالوں کی صفائی کے لیے مختص کیے گئے لیکن عملا کچھ نہیں کیا گیا،تمام حکمران جماعتیں صرف اعلانات اور تقریریں کرکے چلی جاتی ہیں لیکن عملا کچھ نہیں کرتیں ،شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے ۔ پیپلز پارٹی کے خمیر میں کراچی دشمنی موجود ہے، پی ٹی آئی نے کراچی کے مسائل کیوں حل نہیں کروائے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی محض انتخابات کے لیے نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے،جماعت اسلامی نے بحریہ ٹاون، نادرا اور کے الیکٹرک سمیت کئی مسائل حل کروائے اس وقت کوئی انتخاب نہیں تھا،ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ 650 ملین گیلن کے منصوبے کو 260 ملین گیلن کیوں کیا گیا؟،نواز شریف، عمران خان، آصف زرداری نے کراچی کے لوگوں کو ایک بوند پانی نہیں دیا،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی حقیقی جماعت ہے، عوام 24 جولائی کو جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں،ہم شہریوں کے حقوق کے حصول کے لیے چین سے نہیں بیٹھیں گے ہم وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کا حق چھین کر لیں گے،جماعت اسلامی کا مئیر اختیارات کا رونا نہیں روئے گا بلکہ کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا،جماعت اسلامی نے ماضی میں شہر کو گرین اور کلین کیا تھا اور ایک بار پھر ہم ہی شہر کو آباد کریں گے،شہر کو لاوارث او ر شہریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔