ہوا کا رخ بدل چکا،ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے،پرویزالٰہی


لاہور(صباح نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہوا کا رخ بدل چکا   اور ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی ۔

چودھری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے  کہا کہ عمران خان کا ویژن اور انتھک محنت رنگ لائے گی جبکہ عمران خان کی قیادت میں ملک موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی ہے۔ آج ظالموں اور متکبروں کا تختہ الٹ جائے گا اور پنجاب کے عوام لوٹوں اور ان کے خریداروں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام پر پیٹرول اور گیس کے بم گرانے والی حکومت سے عوام حساب لیں گے اور ووٹ کی طاقت سے پنجاب کی غیر قانونی حکومت کا خاتمہ کر دیں گے۔ عوام کا فیصلہ آنے کی دیر ہے اور ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پارسائی کے دعوے تو بہت کئے ہیں ۔ تمام ملکی اور غیر ملکی سروے پی ٹی آئی کی کامیابی کی پیشگوئی کر چکے ہیں ۔رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو کہا اس پر عمل نہیں کیا جبکہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے نتائج چوری کرنے کی کوشش کی تو ردعمل کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہوا کا رخ بدل چکا ہے اور ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے۔