ڈینگی وائرس ،لاہور میں مزید2افراد جاں بحق


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں ڈینگی وائرس کے باعث مزید 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے مزید 92 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں 2 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر گئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 70، گوجرانوالہ سے 6 جبکہ قصور اور راولپنڈی سے تین تین مریض رپورٹ ہوئے ۔

رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی بخار کے 23 ہزار 687 جبکہ لاہور میں 17 ہزار 97 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔اس وقت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 1 ہزار 255 اور لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 847 مریض زیر علاج ہیں۔